اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدارتی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے دن عیدالاضحی کی آمد کی مناسبت سے اسلامی ممالک کے سربراہوں کے نام پیغام ارسال کیا ہے۔ جس میں صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ہم قرآن کریم کی ہدایت اور پیغمبر رحمت ص کی سنّت کی پیروی کی بدولت اور اپنے اتحاد کے نتیجے میں انتہا پسندی اور خون ریزی پر قابو پا لیں گے۔ صدر مملکت نے موجودہ زمانے کو ایسا زمانہ قرار دیا جس میں دوسرے ہر زمانے سے زیادہ امن و سکون کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی الگ پیغام میں اسلامی ممالک کی پارلیمانوں کے اسپیکروں کو عید الاضحی کی مبارک باد پیش کی ہے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے اس بات پر تاکید کی ہے کہ حج اور اس کے اعمال کا عظیم سبق توحید کے پرچم کے سائے میں بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کی تقویت سے عبارت ہے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے اتحاد کو موجودہ حساس اور اہم مرحلے کو طے کرنے کی بنیادی شرط قرار دیا۔ ڈاکٹر علی لاریجانی کے پیغام میں آیا ہے کہ اسلامی دنیا کے حالات میں انتہائی اہم کردار کے حامل ادارے کے طور پر اسلامی ممالک کی پارلیمانوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اور موجودہ حالات کو مد نظر رکھ کر جدت پسندانہ اقدامات انجام دیتے ہوئے اسلامی دنیا میں اتحاد کی تقویت کو اپنی حکمت عملی قرار دیں گی۔ یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور کئی دوسرے ممالک میں چوبیس ستمبر جمعرات کے دن عید الاضحی منائی جا رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲